ٹو بہ ٹیک سنگھ:خوبصورت گرین بیلٹ بدانتظامی اور قبضہ مافیا کی نذر

 ٹو بہ ٹیک سنگھ:خوبصورت گرین بیلٹ بدانتظامی اور قبضہ مافیا کی نذر

ٹوبہ گوجرہ روڈ کی گرین بیلٹ پر تعمیراتی ملبہ پھینکا جانے لگا، ورکشاپس کا بھی قبضہ

ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ٹوبہ گوجرہ روڈ پر ریلوے لائن کے ساتھ بنائی گئی خوبصورت گرین بیلٹ بدانتظامی اور عدم توجہی کے باعث بدصورتی کی نذر ہونے لگی ، شہر کی اہم شاہراہ پر قائم یہ گرین بیلٹ ماضی میں شہریوں خصوصاً خواتین اور بچوں کے لیے سیر و تفریح کا بہترین مقام تھی جہاں سبزہ، درخت اور دلکش ماحول شہریوں کے چہروں پر خوشی بکھیرتا تھا۔تاہم اب صورتحال اس کے برعکس ہو چکی ، عمارتوں اور سڑکوں کی تعمیر کے دوران ٹھیکیداروں اور متعلقہ اداروں کی غفلت کے باعث تعمیراتی ملبہ گرین بیلٹ پر پھینکا جا رہا ہے۔

دوسری جانب متعدد گاڑیوں کی ورکشاپس نے اس سرکاری جگہ پر باقاعدہ قبضہ جما لیا ہے جس کے نتیجے میں نہ صرف سبزہ ختم ہوگیا بلکہ گندگی کے ڈھیر بھی لگنے لگے ۔چائلڈ سیفٹی اور فیملی واک کے لیے مشہور یہ مقام اب آلودگی اور شور کا مرکز بن چکا ۔ شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گرین بیلٹ کی تباہی سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی متاثر ہو رہی ہے بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ، انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ اس سرکاری مقام کو قبضہ مافیا سے واگزار کرایا جائے اور پہلے جیسی خوبصورتی بحال کی جائے ،ڈپٹی کمشنر فوری ایکشن لیں تاکہ ٹوبہ گوجرہ روڈ کی گرین بیلٹ پر سبزہ دوبارہ بحال ہو سکے اور شہریوں کو صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں