شہید بے نظیر بھٹو کا جمہوری مشن آج بھی زندہ ہے : اعجاز چودھری

 شہید بے نظیر بھٹو کا جمہوری مشن آج بھی زندہ ہے : اعجاز چودھری

27 دسمبرملک کی سیاسی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے :ضلعی صدر پیپلزپارٹی کا خطاب پیپلز پارٹی ملک کو درپیش مسائل، مہنگائی سے نجات دلانا چاہتی :میاں لقمان و دیگر

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی فیصل آباد کے ضلعی صدر محمد اعجاز چودھری نے کہا ہے کہ دخترِ مشرق شہید بے نظیر بھٹو نے جمہوریت کے دشمن آمروں کے خلاف بے خوف ہو کر عوامی حکمرانی کیلئے جدوجہد کی، 27 دسمبر کا المناک دن پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ہمیشہ سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا جب ہماری محبوب قائد بے نظیر بھٹو کو بربریت کے ذریعے ہم سے جدا کر دیا گیا، عالمِ اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم بے نظیر بھٹو کا جمہوری مشن آج بھی زندہ ہے ، اور ہم شہید بے نظیر بھٹو کی یومِ شہادت پر اپنی عظیم قائد شہید بی بی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گھڑی خدا بخش لاڑکانہ روانگی سے قبل شہید بے نظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے سلسلے میں منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب کا آغاز ڈویژنل میڈیا کوآرڈینیٹر محمد طاہر شیخ کی تلاوتِ قرآن مجید اور نعتِ مصطفی ؐ سے ہوا۔بعدازاں محمد اعجاز چودھری نے مزید کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کی شہادت صرف ایک فرد کا سانحہ نہیں بلکہ پاکستان کے جمہوری سفر پر ایک گہرا زخم تھا، جسے آج تک پوری قوم نہیں بھولی ۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں بڑھتے معاشی مسائل نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ۔ اگر بے نظیر بھٹو آج زندہ ہوتیں تو ملکی اور عالمی سطح پر پاکستان کا کردار مختلف ہوتا، مظلوم فلسطینیوں کے خلاف عالمی برادری کی بے حسی اور امتِ مسلمہ کے حکمرانوں کی بے بسی اس حد تک نہ ہوتی۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل رائے عابد خان، فرحان چودھری اور پی وائی او فیصل آباد کے ضلعی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات میاں لقمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک و قوم کو درپیش مسائل، مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت سے نجات دلوانا چاہتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں