پیرمحل:میونسپل کمیٹی انتظامی بحران کا شکار، شہری سہولیات متاثر

پیرمحل:میونسپل کمیٹی انتظامی بحران کا شکار، شہری سہولیات متاثر

پیرمحل (نمائندہ دنیا )میونسپل کمیٹی پیرمحل شدید انتظامی بحران کا شکار ہے ، جس کی وجہ سے شہریوں اور عملے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

اہم اور کلیدی عہدے خالی ہونے کے باعث انتظامیہ مؤثر طریقے سے کام نہیں کر پا رہی۔میونسپل کمیٹی میں بلڈنگ انسپکٹر، میونسپل آفیسر ریگولیشن، سب انجینئر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آڈٹ سمیت کئی اہم عہدوں پر تاحال مستقل تقرریاں عمل میں نہیں آئی ہیں۔ محترمہ فاطمہ سلیم کے میونسپل آفیسر ریگولیشن سے چیف آفیسر تعینات ہونے کے بعد یہ اہم سیٹ خالی ہو گئی ہے ، جبکہ سب انجینئر حبیب اللہ اور آڈٹ آفیسر سجاد جعفری کے تبادلوں کے بعد یہ شعبے بھی غیر مؤثر ہو گئے ہیں۔

بلڈنگ انسپکٹر کی سیٹ عرصہ دراز سے خالی ہونے کے باعث غیر قانونی تعمیرات پر کوئی مؤثر نگرانی موجود نہیں، جس سے شہر کے انفراسٹرکچر پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ میونسپل کمیٹی میں درجہ چہارم کے 40 سے زائد ملازمین کی کمی کے باعث صفائی، نکاسی آب اور دیگر بنیادی سہولیات بری طرح متاثر ہیں۔سماجی اور شہری حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، کمشنر فیصل آباد ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ سے مطالبہ کیا ہے کہ میونسپل کمیٹی پیرمحل میں تمام خالی کلیدی عہدوں پر فوری طور پر مستقل تقرریاں عمل میں لائی جائیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں