مسنگ مین ہولز اور ٹوٹی سلیب فوری کور کرنے کا حکم
ڈائریکٹرز اپنے ماتحت سب انجینئرز ، سپروائزرز کی مانیٹرنگ کریں :ایم ڈی
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے شہر بھر میں مسنگ مین ہولز اور ٹوٹی ہوئی ڈرینج سلیب کو فوری طور پر کور کرنے اور اس حوالے سے سرٹیفکیٹس جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ شہر کے مرکزی 8 بازاروں کی روڈ سائیڈ ڈرینز کی سلیب ہر صورت کلیئر ہونی چاہیے ۔ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایم ڈی واسا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے پوری تندہی سے فرائض انجام دئیے جا رہے ہیں، تاہم شہر بھر میں مسنگ مین ہولز اور سڑکوں کے اطراف ٹوٹ پھوٹ کا شکار سلیب کے حوالے سے فوری طور پر سرٹیفکیٹس جمع کرائے جائیں اور ان کی روشنی میں ترجیحی بنیادوں پر مرمت و بحالی کا عمل مکمل کیا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ڈائریکٹرز اپنے ماتحت سب انجینئرز اور سپروائزرز کی کڑی مانیٹرنگ کریں۔ ایم ڈی واسا نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ شہر کے آٹھوں مرکزی بازاروں کی روڈ سائیڈ ڈرینز کی سلیب ہر حال میں کلیئر ہونی چاہیے ۔اجلاس میں ایم ڈی واسا نے مزید ہدایت کی کہ ملت روڈ پر نئی سیور لائن اور روڈ سائیڈ ڈرین کی تعمیر فوری طور پر شروع کی جائے اور یہ منصوبہ 20 جنوری تک لازمی مکمل ہونا چاہیے ۔ ایم ڈی واسا نے کہا کہ مین چن ون کی ڈی سلٹنگ کے دوسرے مرحلے کو بھی فوری طور پر شروع کروایا جائے ۔