انتظامیہ خاموش ، آٹا و گندم کی قیمتیں بے قابو
آٹے کی قیمت ڈیڑھ ماہ کے دوران 55 سے 60 روپے کلو بڑھ گئی ، 15 کلو کا تھیلا 2250 روپے سے متجاوز
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور دیگر متعلقہ اداروں نے ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے سامنے مبینہ طور پر گھٹنے ٹیک دیئے ۔ آٹے اور گندم کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، شہریوں کیلئے دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنا بھی محال بنا دیا ۔ذرائع کے مطابق گزشتہ دو سالوں سے محکمہ خوراک اور حکومت پنجاب کی جانب سے سرکاری سطح پر گندم کی خریداری نہیں کی گئی، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گندم سیزن کے دوران ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں نے مبینہ طور پر بڑے پیمانے پر گندم خرید کر ذخیرہ اندوزی کر لی تھی۔
اب ذخیرہ اندوز من مانی قیمتیں مقررکر رہے ہیں ،گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران اوپن مارکیٹ میں آٹے کی قیمت میں 55 سے 60 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیاجبکہ حالیہ دنوں میں فائن آٹے کا 15 کلوگرام کا تھیلا 2250 روپے سے تجاوز کر چکا ،چکیوں پر فروخت دیسی آٹے کی قیمت 145 روپے فی کلو تک جا پہنچی،جبکہ مارکیٹ میں گندم کی قیمت بھی 4700 روپے من تک پہنچ چکی ۔ شہریوں کی متعدد شکایات کے باوجو ناجائز منافع خوروں کے خلاف مؤثر کارروائیاں نہیں کی جا رہیں ،کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔