مدینہ کالونی میں سیوریج لائن بند، مکین اذیت کاشکار
متعدد بار متعلقہ محکموں اور واسا حکام کو شکایات کے باوجود مسئلہ حل نہ ہوسکا
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹر کٹ رپورٹر )مدینہ کالونی میں مین سیوریج لائن کی بندش پر علاقہ مکین شدید اذیت میں مبتلا ، گندہ پانی گلیوں، سڑکوں اور گھروں کے سامنے جمع ہو گیا۔علاقہ مکینوں کے مطابق یہ مسئلہ کافی عرصہ سے برقرار ہے ، متعدد بار متعلقہ محکموں اور واسا حکام کو تحریری و زبانی شکایات درج کروائی گئیں مگر تاحال کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا، گندے پانی کے باعث بچوں، خواتین اور بزرگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے جبکہ بیمار افراد کے لیے گھروں سے نکلنا بھی مشکل ہو گیا ہے ، سیوریج کا پانی مین شورکوٹ روڈ پر بھی جمع ہو جاتا ہے ، جس سے یہ اہم شاہراہ شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے ،پانی کھڑا رہنے سے ٹریفک روانی متاثر اورموٹر سائیکل سواروں سمیت دیگر راہگیروں کو حادثات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ اور واسا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سیوریج بندش کامسئلہ فوری حل کیا جائے ، مین شورکوٹ روڈ کی فوری مرمت اور بحالی بھی یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔