’’ٹیکسٹائل سیکٹر کو ایکسپورٹ سہولیات تک مساوی رسائی دی جائے ‘‘
وزیراعظم ایکسپورٹ ایمرجنسی کا اعلان ،نمائندہ تنظیموں کا اجلاس بلائیں،احمد اعوان
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کیلئے حکومت کی ایکسپورٹ سہولیات تک مساوی رسائی کا مطالبہ کیا ہے جیسا کہ چاول کے شعبے کو فراہم کی جا رہی ہیں۔ یہ مطالبہ احمد افضل اعوان، سینئر وائس چیئرمین پی ایچ ایم اے (نارتھ زون)نے کیا اور حکومت کے اس فیصلے پر گہری تشویش ظاہر کی کہ چاول کے شعبے جس کا ایکسپورٹ شیئر تقریباً 3 ارب ڈالر ہے کو ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ اور ڈیوٹی ڈرابیک آف لوکل ٹیکسز اینڈ لیویز کے تحت شامل کیا گیا، جس کیلئے بھاری مالی وسائل مختص کیے گئے جبکہ ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل اوراپیریل سیکٹر کو نظر انداز کیا گیا۔
انہوں نے زور دیا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر پاکستان کی ایکسپورٹس میں تقریباً 18 ارب ڈالر کا حصہ ڈالتا ہے اور یہ روزگار کے مواقع اور صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ اسکے باوجود اس شعبے کے ایکسپورٹرز کو EDF اور DLTL سہولیات تک مساوی رسائی نہیں دی جا رہی۔احمد اعوان نے کہا قومی ایکسپورٹ اہداف کے حصول کیلئے عملی سہولیات ناگزیر ہیں، خاص طور پر وہ اقدامات جو پیداوار کی لاگت کو کم کرنے اور علاقائی ممالک کے ساتھ برابری کے مواقع فراہم کرنے میں مددگار ہوں۔ انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ ایکسپورٹ ایمرجنسی کا اعلان کریں اور تمام ایکسپورٹ پر مبنی شعبوں کی نمائندہ تنظیموں کا فوری اجلاس بلائیں تاکہ موجودہ مسائل پر غور کیا جا سکے ۔ ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کے ایکسپورٹرز EDF-DLTL سہولت کی ایک شعبے تک محدود فراہمی پر شدید تحفظات رکھتے ہیں اور شفاف و جامع پالیسی فریم ورک کا مطالبہ کرتے ہیں۔