ڈی سی کامحکمانہ کارکردگی کاجائزہ، ڈی ایچ کیوہسپتال کادورہ
جاری ترقیاتی منصوبوں ،مریضوں کی علاج معالجہ فراہمی بارے ہدایات جاری
جھنگ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈرکی زیر صدارت ضلعی محکموں کے افسروں کا اجلاس ہوا جس میں محکمانہ کارکردگی و جاری منصوبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی گزشتہ روز کی کارکردگی پر غور کیا گیا اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے بیوٹیفکیشن سکیموں پر کام کی پیشرفت اور پلس پراجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ لی اور کام جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈرنے ڈی پی اوبلال افتخار کیانی کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا۔ عملہ حاضری سمیت مریضوں کو طبی سہولیات،ادویات فراہمی و دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے تمام وارڑز کا دورہ کرکے صفائی ستھرائی کو چیک کیااور مزید بہتری کے احکامات جاری کئے ۔ انہوں نے مریضوں کی عیادت کی اور لواحقین سے دستیاب طبی سہولیات اور ڈاکٹرو سٹاف کے رویے اور دیگر درپیش مسائل بارے دریافت کیا۔