ایف ڈی اے کے 284 رہائشی پلاٹس فروخت کرنے کی منظوری
رہائشی پلاٹس میں ایک کنال رقبہ کے 189 اور 10 مرلہ کے 95 پلاٹس شامل کامیاب درخواست گزاروں سے اقساط میں قیمت وصول کی جائیگی:اجلاس کوبریفنگ
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ایف ڈی اے بورڈ آف گورنرز نے ایف ڈی اے کے ملکیتی 284 رہائشی پلاٹس بذریعہ قرعہ اندازی چار سالہ اقساط میں فروخت کرنے کی متفقہ منظوری دے دی۔ ایف ڈی اے سٹی کے مختلف بلاکس میں واقع ان پلاٹس میں ایک کنال رقبہ کے 189 اور 10 مرلہ کے 95 پلاٹس شامل ہیں۔ایف ڈی اے گورننگ باڈی کا اجلاس کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت ان کے دفتر کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)ندیم ناصر، ایڈیشنل کمشنر آصف چوہان و دیگر محکموں کے نمائندہ افسروں نے شرکت کی۔
ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے ایجنڈے کی تفصیلات سے آگاہ کیا جبکہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند مہر ایوب، اسماء محسن، جنید منج، یاسر اعجاز ، سہیل مقصود اور دیگر افسر بھی موجود تھے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ قرعہ اندازی میں کامیاب درخواست گزاروں سے پلاٹس کی قیمت چار سالہ اقساط میں وصول کی جائے گی جبکہ درخواست فارم کے ساتھ 10 مرلہ پلاٹ کیلئے اڑھائی لاکھ اور ایک کنال پلاٹ کیلئے پانچ لاکھ روپے بطور زر بیعانہ جمع کرانا ہوگا۔اجلاس کے دوران مختلف حکومتی نوٹیفکیشنز کو اختیار کرنے اور دیگر انتظامی امور کی بھی منظوری دی گئی۔