صدرمیں دن دیہاڑے تاجر سے 80 لاکھ روپے کی ڈکیتی کا مقدمہ درج
کراچی (این این آئی)صدر کے علاقے میں دن دیہاڑے 80 لاکھ روپے کی ڈکیتی کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمہ الیکٹریکل کمپنی کے اسسٹنٹ منیجر کی مدعیت میں پریڈی تھانے میں درج کیا گیا ہے۔
مدعی نے بتایا کہ وہ صدر میں واقع ایک بینک برانچ سے سیاہ بیگ میں 80 لاکھ روپے کی رقم لے کر نکل رہے تھے کہ موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے ان کی موٹر سائیکل کو سائیڈ ماری، ایک ملزم نے اسلحہ دکھا کر خوفزدہ کیا جبکہ دوسرے ملزم نے رقم سے بھرا ہوا بیگ چھین لیا اور فرار ہو گئے ۔وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی جنوبی سے تفصیلات طلب کر لیں۔وزیر داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے جدید تفتیشی تکنیکوں سے استفادہ کیا جائے ۔ علاقے میں فوری ناکہ بندی، انٹیلی جنس اقدامات اور نگرانی یقینی بنائی جائے۔