پولیس اہلکاروں کی پیٹی بند بھائی کی شادی میں فائرنگ،علاقہ مکین خوفزدہ
کراچی (این این آئی)عباس ٹاؤن کے قریب سچل پولیس اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کیخلاف سخت احکامات ہوامیں اڑا دیئے ۔پولیس اہلکاروں نے پیٹی بند بھائی علی ذر کی شادی میں ہوائی فائرنگ کی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اطلاعات کے مطابق اہلکاروں نے دل کھول کر فائرنگ کی اور نہ تو عمارتوں کو مدنظر رکھا اور نہ ہی شہریوں کے گھروں کی طرف توجہ دی، اہلکار دائیں بائیں گولیاں چلاتے رہے ۔واقعے کی فوٹیج سامنے آئی ، جس میں دیکھا گیا پہلے مبینہ طور پر پولیس اہلکارابوذر گاڑی میں سوارہوکر آیا اور گاڑی میں بیٹھ کرشدیدفائرنگ کرنا شروع کردی جبکہ دیگر افراد بھی گلیوں اور گاڑیوں میں موجود ہو کر اسلحہ استعمال کرتے رہے ۔ذرائع کے مطابق ابوذر اور علی ذر عباس ٹاؤن پولیس چوکی پر تعینات ہے ، یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب پولیس کے سخت احکامات کے باوجود اہلکاروں نے شادی کے دوران ہوائی فائرنگ کی، جس سے شہریوں کی حفاظت پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔