ہائی ٹیک یونیورسٹی کا نووکیشن ، 1,166طلبہ کو ڈگریاں عطا
14پی ایچ ڈی ڈگریاں دی گئیں ،گورنر کی مبارکباد ،نوجوان ملک کا سرمایہ ،سردار سلیم
راولپنڈی ( خصوصی نامہ نگار)جناح کنونشن سینٹر میں ہائی ٹیک یونیورسٹی کے ساتویں کانووکیشن کا انعقادکیا گیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر مہمان خصوصی تھے ۔گورنر پنجاب نے فارغ التحصیل طلبا و طالبات میں میڈلز اور ڈگریاں تقسیم کیں۔ مختلف انڈر گریجویٹ، گریجویٹ اور ڈاکٹریٹ پروگراموں میں کل 1,166 طلباء کو ڈگریاں عطا کی گئیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کانووکیشن میں شرکت اعزاز ہے ۔ گریجویٹس اور ان کے والدین کو اس سنگ میل کی تکمیل پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پاکستان میں 64 فیصد نوجوان ہیں، ملک کا مستقبل ان کے ساتھ جڑا ہے ۔ کانوکیشن کے دوران 14 پی ایچ ڈی ڈگریاں عطا کی گئیں جن میں کمپیوٹر سائنس ڈیپارٹمنٹ سے 6، الیکٹریکل انجینئرنگ سے 3، مکینیکل انجینئرنگ سے 1، اور اسلامیات اور میتھمیٹکس ڈیپارٹمنٹس سے ہر ایک سے 2 شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 93 طلباء کو ایم ایس ڈگریاں دی گئیں جبکہ 1,059 گریجویٹس نے ڈگریاں حاصل کیں۔