بسنت پر شہر میں فری سفری سہولیات کامنصوبہ مکمل
میٹرو بس ، میٹرو اورنج لائن ٹرین، سپیڈو اور الیکٹرک بسوں پر مفت سفر ہوگا
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )بسنت کے موقع پر شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے فری سفری سہولیات کا جامع پلان فائنل کر لیا ہے ،یہ سہولت چھ فروری سے آٹھ فروری تک بلا تعطل فراہم کی جائے گی،اس منصوبے کے تحت لاہور میں چلنے والی میٹرو بس سروس، اورنج لائن میٹرو ٹرین، سپیڈو بسیں اور الیکٹرک بسیں شہریوں کو مکمل طور پر مفت سفر کی سہولت دیں گی،اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ذریعے ڈیرہ گجراں سے علی ٹاؤن تک روزانہ تقریباً دو لاکھ ستر ہزار مسافر مستفید ہو سکیں گے ،جبکہ شاہدرہ سے گجومتہ تک چلنے والی میٹرو بس سروس میں چونسٹھ بسیں شامل ہوں گی،میٹرو بس کے ذریعے روزانہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ مسافر مفت سفر کر سکیں گے ،لاہور کے مختلف علاقوں میں سفری سہولت کو مزید بہتر بنانے کے لیے سپیڈو اور فیڈر روٹس پر ایک سو اٹھاسی بسیں تعینات کی گئی ہیں،یہ بسیں لاہور کے اکیس مختلف روٹس پر رواں دواں ہوں گی،اسی طرح پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے تحت چالیس الیکٹرک بسیں لاہور کے دو روٹس پر فری سفری سہولت فراہم کریں گی۔