غیرقانونی تعمیرات،ایس بی سی اے کی رپورٹ طلب

غیرقانونی تعمیرات،ایس بی سی اے کی رپورٹ طلب

بلڈنگ کا اپروول پلان ہے تو پیش کریں، ورنہ چکی بند کریں گے ،عدالت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے نیو کراچی میں رہائشی پلاٹ پر کمرشل سرگرمیاں اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست پر ایس بی سی اے کی رپورٹ اور اپروول پلان طلب کرتے ہوئے سماعت ایک ہفتے کے لئے ملتوی کردی ہے ۔ سندھ ہائی کورٹ میں نیو کراچی میں رہائشی پلاٹ پر کمرشل سرگرمیاں اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت مکان مالک کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ عمارت میں فیکٹری کا درخواست گزار کا دعویٰ غلط ہے،180 گز کے پلاٹ پر فیکٹری قائم نہیں ہوسکتی۔ درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ عمارت میں چکی لگائی ہوئی ہے ، کمرشل سرگرمیاں ہوتی ہیں۔

عدالت نے عمارت مالک پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو چکی میں پیسنا بند کریں۔ دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کیا بلڈنگ کا اپروول پلان موجود ہے ؟ اپروول ہے تو پیش کریں، ورنہ چکی بند کریں گے ۔ ایس بی سی اے کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ کے ڈی اے کو پلاٹ کے ٹائٹل کی معلومات فراہمی کے لئے خط لکھا ہے ، اسپیشل ٹائپ پلاٹ رفاہی مقاصد کے لئے ہوتے ہیں، ٹائٹل کی تصدیق کے بعد عدالت میں رپورٹ پیش کریں گے ۔ عدالت نے ایس بی سی اے کی رپورٹ اور اپروول پلان آئندہ سماعت تک طلب کرلیا۔ عدالت نے سماعت ایک ہفتے کے لئے ملتوی کردی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں