ٹو بہ میں رمضان ریلیف کی فراہمی کے لیے خصوصی سنٹرز قائم
شکایت سیل بھی فعال کر دیا گیا ،گرانفروشی بر داشت نہیں کی جائیگی:اسسٹنٹ کمشنر
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ نے صحافیوں سے ملاقات کے دوران بتایا کہ ماہِ رمضان المبارک میں مستحق افراد تک حکومتی امداد کی بروقت اور شفاف فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی سنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔اس سلسلے میں زرعی یونیورسٹی سب کیمپس آفس اور ریلوے سٹیشن کے قریب باقاعدہ شکایت سیل بھی فعال کر دیا گیا ہے ، جہاں شہری رمضان ریلیف، اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور دیگر مسائل سے متعلق اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔ شکایات کے فوری ازالے کے لیے عملہ بھی تعینات کیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ احترامِ رمضان آرڈیننس پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرائس کنٹرول کے مؤثر نظام کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ، مجسٹریٹس فیلڈ میں موجود ہیں اور گرانفروشی یا ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ انتظامی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئیں۔