جمعیت اہلحدیث کے فکسڈ چارجز ، نیٹ میٹرنگ پالیسی پر تحفظات

 جمعیت اہلحدیث کے فکسڈ چارجز ، نیٹ میٹرنگ پالیسی پر تحفظات

ایسے اقدامات ظلم کے مترادف ،غریب آدمی کو فاقہ کشی پر مجبور کیا جا رہا :عبدالرشید

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے ناظمِ اعلیٰ علامہ عبدالرشید حجازی اور خالد محمود اعظم آبادی نے بجلی صارفین پر فکسڈ چارجز کے نفاذ اور نیٹ میٹرنگ پالیسی کے خاتمے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ غربت کی ماری قوم پر ایسے اقدامات ظلم کے مترادف ہیں اور غریب آدمی کو فاقہ کشی پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عام شہریوں سے سستی بجلی کا حق چھین کر آئی پی پیز مافیا کو نوازا جا رہا ہے ، جبکہ سولر صارفین کو اپنی محنت اور سرمائے سے پیدا کی گئی بجلی سستے داموں فروخت کرنے اور مہنگے داموں خریدنے پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔رہنماؤں نے کہا کہ حکومت کا کام عوام کو ریلیف دینا اور بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے مگر موجودہ فیصلوں سے عوام پر بوجھ بڑھایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چند افراد کے مفادات کے لیے کروڑوں عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔انہوں نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کی کارکردگی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ عوامی مفاد کے تحفظ میں مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہا ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پالیسیوں پر نظرثانی کی جائے اور غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں