ن لیگ دھرنے والی نہیں کام کرنیوالی جماعت :خلیل طاہر
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز غریب کو ریلیف فراہم کر رہے
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)مسلم لیگ ن مینارٹیز ونگ پنجاب کے صدر سینیٹر سردار خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن دھرنے دینے والی نہیں بلکہ کام کرنے والی جماعت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کے علاج کے لیے حکومت نے ہر ممکن پیشکش کی، اس کے باوجود پارلیمنٹ میں تماشے لگانے کی ضرورت کیا ہے ؟سردار خلیل طاہر سندھو نے مزید کہا کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ملک کی بہتری اور لاکھوں غریب خاندانوں کو ہر سطح پر ریلیف فراہم کر رہے ہیں۔
رمضان المبارک کے دوران وزیراعظم کی جانب سے 13 ہزار روپے فی خاندان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے رمضان نگہبان اے ٹی ایم کارڈ کا اجرا عوام دوستی کا واضح ثبوت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے پونے چار سالہ اقتدار پر غور کرے ، جس میں عوام کو ریلیف کے بجائے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گزشتہ دو سالوں میں ترقیاتی منصوبوں اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں نمایاں کارکردگی دکھائی ہے اور وہ اپنے والد میاں نواز شریف کی پالیسی کے مطابق کام کر رہی ہیں۔