آر پی او کا جھنگ روڈ رمضان بازار کا دورہ، سکیورٹی کی ہدایت
سی ٹی وی کیمروں سے مسلسل مانیٹرنگ ،مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کا حکم
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر سکھیرا نے فیصل آباد میں جھنگ روڈ رمضان سہولت بازار کا دورہ کیا اور رمضان المبارک کے دوران عوام کی سہولت اور تحفظ کے لیے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے موقع پر آر پی او نے تمام سہولت بازاروں میں فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کے احکامات جاری کیے۔
انہوں نے خواتین اور بزرگ شہریوں کے لیے علیحدہ سکیورٹی اور رہنمائی ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کی تاکہ خریداری کے دوران انہیں مکمل سہولت اور تحفظ فراہم کیا جا سکے ۔ اس کے علاوہ ایلیٹ فورس اور ڈولفن اسکواڈ کو مؤثر پٹرولنگ جاری رکھنے کا حکم بھی دیا گیا۔آر پی او نے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کے عمل کو مزید سخت بنانے اور واک تھرو گیٹس کو ہر وقت فعال رکھنے پر زور دیا جبکہ پارکنگ اور ٹریفک مینجمنٹ کی بہتری کے لیے اضافی نفری تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسپانس ٹیمیں ہمہ وقت الرٹ رہیں۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔