چناب نگر:گلیوں میں صفائی کی ابتر صورتحال ، شہری پریشان
صفائی کے نظام میں بہتری کے دعوے محض کاغذی ثابت ہو رہے ہیں : متاثرین
چناب نگر(نامہ نگار )شہر اور گردونواح کے گلی محلوں میں صفائی کی ابتر صورتحال نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ۔ نالیوں کی بروقت صفائی نہ ہونے کے باعث گندگی کے ڈھیر لگ چکے ہیں جبکہ تعفن اور بدبو پھیلنے سے شہری شدید اذیت کا شکار ہیں۔جگہ جگہ جمع پانی مکھیوں اور مچھروں کی افزائش کا سبب بن رہا ہے جس سے مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سالڈ ویسٹ کنٹریکٹر کی ناقص کارکردگی کھل کر سامنے آ چکی ہے اور صفائی کے نظام میں بہتری کے دعوے محض کاغذی ثابت ہو رہے ہیں۔
لوگوں کو متعدد وارننگز اور جرمانے بھی کیے گئے تاہم اس کے باوجود صورتحال میں خاطر خواہ بہتری دیکھنے میں نہیں آئی جس پر شہری تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔عوامی و سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ چناب نگر میں صفائی کے نظام کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے ، نالیوں کی باقاعدہ صفائی کو یقینی بنایا جائے اور غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے ۔