ایف ڈی اے سٹی میں ڈویژنل ماڈل کالج کی تکمیل کا حکم
درکار فنڈز کے حصول کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں:کمشنر
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے ایف ڈی اے سٹی میں ڈویژنل ماڈل کالج سب کیمپس کی عمارت کا گراؤنڈ فلور فوری مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ دستیاب فنڈز کو شفاف انداز میں تیزی سے استعمال کیا جائے اور درکار فنڈز کے حصول کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ مخیر کاروباری حضرات سے رابطہ کیا جائے اور سافٹ لون کے حصول کیلئے بھی کوششیں کی جائیں تاکہ ادارے کو اپنی عمارت میں منتقل کرکے ایف ڈی اے سٹی اور ملحقہ آبادیوں کے طلبہ کو معیاری تعلیم کی سہولت فراہم کی جا سکے ۔سکولز مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر نے واضح کیا کہ فیصل آباد کے ہر علاقے میں معیاری اور بامقصد تعلیم کا فروغ اولین ترجیح ہے ، لہٰذا سب کیمپسز کے قیام اور فعالیت کیلئے تیز رفتار اقدامات یقینی بنائے جائیں۔انہوں نے ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج مین کیمپس میں کیریئر کونسلنگ سنٹر کے قیام کی ہدایت کی اور کہا کہ اس سے طلبہ کو داخلہ فارم، اسکالرشپس اور دیگر تعلیمی امور میں رہنمائی ملے گی۔انہوں نے ڈویژنل ماڈل کالج سمن آباد کیمپس کے جلد افتتاح کا فیصلہ کیا جبکہ ساندل کالج میں آڈیٹوریم کے قیام کیلئے پی سی ون تیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔اجلاس میں ڈائریکٹر سکولز سیل آصف چوہان نے تعلیمی و انتظامی امور پر بریفنگ دی۔