ٹھیکریوالا:کارخانوں سے آلودگی، شہریوں کی زندگی متاثر
ٹھیکریوالا:کارخانوں سے آلودگی، شہریوں کی زندگی متاثر بچے ، بزرگ اور طلبہ و طالبات مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں
ٹھیکریوالا (نمائندہ دنیا )چک 66 ج ب دھاندرہ کے رہائشی علاقوں میں قائم متعدد کارخانوں کی جانب سے غیر معیاری اور ماحول دشمن ایندھن کے استعمال کے باعث فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے ، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔مقامی افراد کے مطابق ان کارخانوں سے خارج ہونے والا دھواں اور زہریلا مواد علاقے کی فضا کو آلودہ اور مضر صحت بنا رہا ہے ، جس سے بچے ، بزرگ اور طلبہ و طالبات مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ناک، گلے ، سانس، پھیپھڑوں اور آنکھوں کے امراض میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ روزمرہ زندگی بھی متاثر ہو رہی ہے ۔علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ متعدد شکایات کے باوجود متعلقہ محکموں کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی، جس کے باعث صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے ۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، کمشنر فیصل آباد اور ڈپٹی کمشنر سے فوری نوٹس لینے اور آلودگی پھیلانے والے کارخانوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو صاف اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے ۔