حسین آباد ، صفائی نظام درہم برہم، شہریوں کا نوٹس کا مطالبہ
حسین آباد ، صفائی نظام درہم برہم، شہریوں کا نوٹس کا مطالبہکوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگنے سے تعفن پھیل رہا ،شہریوں کو شدید مشکلات
پینسرہ (نمائندہ دنیا )یونین کونسل نمبر 144 چک نمبر 245 کی آبادی حسین آباد میں صفائی کا نظام مکمل طور پر متاثر ہو چکا ہے جبکہ ستھرا پنجاب اتھارٹی کے دعوے عملی طور پر ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔مختلف مقامات جن میں علی فیاض کریانہ سٹور کے سامنے ، پیر سید قاسم علی شاہ کے گھر کے قریب اور حلمی روڈ مسجد کے سامنے شامل ہیں، کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگنے سے تعفن پھیل رہا ہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ صفائی عملہ صرف مین روڈ کے مخصوص پوائنٹس سے کچرا اٹھاتا ہے جبکہ اندرونی آبادیوں کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔
شہریوں کے مطابق کئی علاقوں میں مہینوں تک صفائی عملہ نظر نہیں آتا، جس سے صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے ۔علاقے کی نالیاں اور نکاسی آب کے نظام میں بھی کوڑا کرکٹ بھر جانے سے سیوریج نظام متاثر ہو چکا ہے ۔ شہریوں نے متعدد بار شکایات درج کروائیں، حتیٰ کہ ہیلپ لائن پر بھی اطلاع دی گئی، تاہم تاحال کوئی مؤثر کارروائی سامنے نہیں آ سکی۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد، اسسٹنٹ کمشنر صدر اور ستھرا پنجاب اتھارٹی سے فوری نوٹس لینے اور ہنگامی بنیادوں پر صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔