بڑی طاقتوں کی مداخلت عالمی بدامنی کی وجہ ،ثروت قادری

بڑی طاقتوں کی مداخلت عالمی بدامنی کی وجہ ،ثروت قادری

دنیا کو انصاف پر مبنی نظام کی ضرورت ،عالمی ادارے خاموش تماشائی بن گئے ہیںدنیا کے مختلف خطوں میں مسلمانوں کو مختلف نوعیت کے مسائل کا سامنا ہے

کراچی (این این آئی) چیئرمین پاکستان سنی تحریک انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ عالمی امن کے قیام کے لیے ضروری ہے کہ بڑی طاقتیں دیگر ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی پالیسی ترک کریں۔دنیا اس وقت بدامنی،جنگوں،معاشی عدم استحکام اور انسانی بحرانوں کا شکار ہے اور اس کی ایک بڑی وجہ طاقت کے زور پر اپنی پالیسیاں مسلط کرنے کا رجحان ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب تک عالمی سطح پر انصاف، مساوات اور خودمختاری کے اصولوں کا احترام نہیں کیا جائے گا اس وقت تک پائیدار امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ثروت اعجاز قادری کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کے مختلف خطوں میں مسلمانوں کو مختلف نوعیت کے مسائل،امتیازی سلوک اور مذہبی آزادی کے چیلنجز کا سامنا ہے۔

عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی اداروں کو چاہیے کہ وہ ہر قسم کے ظلم، ناانصافی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف یکساں معیار اپنائیں اور متاثرہ افراد کو انصاف فراہم کرنے کے لیے موثر کردار ادا کریں۔ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ مذہبی آزادی ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور دنیا کے تمام ممالک کو اپنے شہریوں کو ان کے عقائد اور مذہبی تہواروں کے مطابق زندگی گزارنے کے مساوی مواقع فراہم کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی مذہبی یا نسلی گروہ کے ساتھ امتیازی سلوک نہ صرف انسانی حقوق کے عالمی اصولوں کے منافی ہے بلکہ یہ معاشرتی ہم آہنگی اور عالمی امن کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہوتا ہے ۔فلسطینی عوام کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے مظلوم عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے مشکلات اور مصائب کا سامنا کر رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں