نشتر ہسپتال میں منکی پاکس کے 4 مریض زیرعلاج
خسرہ کے 12 مشتبہ کیسز، کورونا اور ڈینگی کا کوئی مریض نہیں
ملتان (لیڈی رپورٹر)نشتر ہسپتال ملتان کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق منکی پاکس وارڈ کے تمام 5 بستر زیر استعمال ہیں، جن میں 4 مریضوں میں منکی پاکس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ ایک مریض مشتبہ قرار دیا گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق کسی مریض کے انتقال کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔نشتر ہسپتال انتظامیہ کے مطابق خسرہ آئسولیشن وارڈ میں مختص 30 بستروں میں سے 12 پر مریض زیر علاج ہیں جبکہ 18 بستر خالی ہیں۔ زیر علاج تمام مریض مشتبہ خسرہ کیسز ہیں اور ان کی طبی نگرانی جاری ہے ۔دوسری جانب کورونا وائرس اور ڈینگی کے حوالے سے صورتحال اطمینان بخش رہی۔ کورونا آئسولیشن وارڈ اور اے آئی سی یو میں مجموعی طور پر 32 بستر مختص ہیں، تاہم اس وقت کوئی مریض زیر علاج نہیں۔ اسی طرح ڈینگی کے لئے مختص 74 بستروں پر بھی کوئی مریض داخل نہیں اور نہ ہی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کسی مصدقہ یا مشتبہ کیس کی رپورٹ سامنے آئی ہے ۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گیسٹرو اینٹرائٹس کے 95 مریض نشتر ہسپتال لائے گئے ۔ ان میں 35 بچے چلڈرن ایمرجنسی وارڈ جبکہ 60 مریض مرکزی ایمرجنسی وارڈ میں رپورٹ ہوئے ۔
طبی ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ منکی پاکس، خسرہ اور دیگر متعدی بیماریوں سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بیماری کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر قریبی ہسپتال سے رجوع کریں۔