جناح اسپتال کے واش روم میں بچے کی پیدائش،کمیٹی قائم

جناح اسپتال کے واش روم میں بچے کی پیدائش،کمیٹی قائم

کمیٹی میں 2 پروفیسرز، ایگزیکٹو ، جوائنٹ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو شامل کیا گیااسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر تمام ٹھوس شواہد اکٹھے کیے جائیں گے

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)جناح اسپتال کے واش روم میں بچے کی مبینہ پیدائش کے واقعے کی تحقیقات کے لیے 5 رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے واش روم میں مبینہ طور پر ایک بچے کی پیدائش کا چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا۔ اسپتال انتظامیہ نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی شفاف تحقیقات کے لیے 5 رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔جناح اسپتال کے ترجمان ڈاکٹر وقاص نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 5 رکنی کمیٹی میں 2 پروفیسرز، ایک ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ایک جوائنٹ ڈائریکٹر اور ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو شامل کیا گیا ہے۔

پروفیسر حلیمہ یاسمین کو اس تحقیقاتی کمیٹی کا چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے جبکہ پروفیسر عبدالرب بھٹو اور ڈاکٹر صدام صالح بطور ممبر کمیٹی میں شامل ہیں۔کمیٹی تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر پیر کے روز اپنی حتمی رپورٹ انتظامیہ کو پیش کرے گی۔ اسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر تمام ٹھوس شواہد اکٹھے کیے جائیں گے ۔ اس کے ساتھ ہی، واقعے کے وقت گائنی وارڈ اور ایمرجنسی میں ڈیوٹی پر موجود تمام ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جائیں گے ۔ترجمان کا کہنا تھا کہ انکوائری رپورٹ کے بعد یہ بالکل واضح ہو جائے گا کہ اس واقعے میںاسپتال انتظامیہ یا عملے کی غفلت شامل تھی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں