پولیس مقابلہ، ریکارڈ یافتہ ملزم زخمی حالت میں گرفتار
ملزم کے دو ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار، پولیس تلاش میں مصروف
ملتان (کرائم رپورٹر)تھانہ گلگشت کے علاقے بستی نو کے قریب پولیس مقابلے کے دوران چوری اور ڈکیتی کے متعدد مقدمات میں مطلوب سابقہ ریکارڈ یافتہ خطرناک ملزم عبداللطیف زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔پولیس کے مطابق بستی نو میں گشت، پڑتالِ جرائم اور ناکہ بندی کے دوران اہلکار مشکوک افراد کی چیکنگ کر رہے تھے کہ موٹر سائیکل سوار تین افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم انہوں نے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔پولیس نے حفاظتی اقدام کے طور پر جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ رکنے کے بعد ایک ملزم زمین پر زخمی حالت میں پڑا ملا جس کے دائیں گھٹنے پر گولی لگی ہوئی تھی، جبکہ اس کے قریب 30 بور پستول بھی موجود تھا۔ گرفتار ملزم نے اپنا نام عبداللطیف سکنہ چک جھانبو، ضلع مظفرگڑھ بتایا۔پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات اور ریکارڈ کی جانچ سے معلوم ہوا کہ ملزم چوری اور ڈکیتی کے متعدد مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے ۔ ملزم کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ، جن کی گرفتاری کے لئے ناکہ بندی کر دی گئی ہے ۔