پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ معیشت پر کاری ضرب:غلام حسین

 پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ معیشت پر کاری ضرب:غلام حسین

تاجروں کو سہولیات، آسان ٹیکس نظام ، کاروباری تحفظ فراہم کیا جائے :میاں سہیل و دیگر

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)تحریک منہاج القرآن کے ڈویژنل صدر ملک غلام حسین، ناظم میاں سہیل مقصود اور سیکرٹری اطلاعات غلام محمد قادری نے پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ ملکی معیشت اور عوام پر براہ راست کاری ضرب ہے ۔اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ مہنگائی کے طوفان کو مزید تیز کر رہا جس کے نتیجے میں عام آدمی کی قوت خرید تیزی سے کم ہو رہی ہے ۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث اشیائے خورونوش اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے جس کا براہ راست بوجھ عوام پر پڑ رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں کاروباری طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے جبکہ چھوٹے تاجر اور دکاندار سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، مہنگائی کے بڑھتے رجحان نے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو سست کر دیا بلکہ روزگار کے مواقع بھی محدود کردیئے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کئے جائیں اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے ، صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو بحال رکھنے کیلئے پالیسیوں میں استحکام ناگزیر ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر مہنگائی پر قابو نہ پایا گیا تو معاشی بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے جس کے اثرات نہ صرف کاروباری طبقے بلکہ غریب عوام پر بھی مرتب ہوں گے ، تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ، اس لئے تاجروں کو سہولیات، آسان ٹیکس نظام اور کاروباری تحفظ فراہم کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں