وزیر بلدیات کا دورہ فیصل آباد،عیدپر صفائی انتظامات کاجائزہ
اجتماعی قربانی کے مقامات اور سڑکوں کو فینائل اور عرق گلاب سے دھویا جائےڈور ٹو ڈور ویسٹ بیگز کی تقسیم بھی تیز کی جائے :ذیشان رفیق کااجلاس سے خطاب
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور عید الاضحی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر نے کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں سے ملاقات کی جس میں کیٹل سیل پوائنٹس پر سہولیات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔ کمشنر آفس میں ہونے والے اجلاس میں عید انتظامات پر بریفنگ دی گئی، جس میں فیصل آباد ڈویژن کے دیگر اضلاع کے افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم ورک کے ساتھ وزیراعلیٰ کی ہدایات کے مطابق عید پر صفائی کا اعلیٰ معیار یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب کی ٹیمیں گلی محلوں میں متحرک رہیں گی اور الائشیں اٹھانے کے لیے میگا فونز کا استعمال کیا جائے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ ڈور ٹو ڈور ویسٹ بیگز کی تقسیم تیز کی جائے جبکہ اجتماعی قربانی کے مقامات اور سڑکوں کو فینائل اور عرق گلاب سے دھویا جائے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ دیہات میں سیکرٹری یونین کونسلز کو فیلڈ میں متحرک کیا جائے اور ریلوے ایریاز کے لیے مستقل صفائی ٹیمیں تعینات ہوں۔دورے کے دوران انہوں نے چوک گھنٹہ گھر اور ملحقہ بازاروں کا بھی معائنہ کیا اور شہریوں میں ماحول دوست ویسٹ بیگز تقسیم کیے ۔کمشنر مسرت جبیں نے کہا کہ ڈویژن کے چاروں اضلاع میں کنٹرول رومز فعال کر دیے گئے ہیں اور عید سے قبل رات کے وقت صفائی آپریشن شروع کر دیا جائے گا، جبکہ کسی بھی غفلت پر فوری کارروائی کی جائے گی۔