ایم ڈی واسا کے شہر کے مختلف علاقوں کے ہنگامی دورے
مدینہ ٹاؤن ایکس بلاک اور آفیسر کالونی میں سکر مشینیں تعینات کرنیکی ہدایت
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے شہر کے مختلف علاقوں کے ہنگامی دورے کیے اور عید الاضحی کے موقع پر سیوریج آپریشنز میں مکمل ریلیف فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹیمنیجنگ ڈائریکٹرز شعیب رشید، عثمان ضیا، شعیب ضیا، ڈائریکٹر آپریشنز ایسٹ نعمان نور سمیت دیگر افسر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ایم ڈی واسا نے مدینہ ٹاؤن ایکس بلاک، وائی بلاک، آفیسر کالونی اور مرینہ ٹاؤن کا دورہ کرتے ہوئے عید کے ایام میں نکاسی آب کے مسائل کے فوری حل کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے دو سکر مشینیں متعلقہ علاقوں میں تعینات کرنے کی ہدایت دی تاکہ کہیں بھی پانی جمع ہونے کی صورت میں فوری نکاسی ممکن بنائی جا سکے ۔ اس کے ساتھ ڈی واٹرنگ سیٹس بھی فراہم کیے گئے ہیں۔ایم ڈی واسا نے کہا کہ شہریوں کو سیوریج مسائل سے ریلیف دینے کے لیے خصوصی اقدامات جاری ہیں اور عید تعطیلات کے باوجود آپریشنل اسٹاف ڈیوٹی پر موجود رہے گا تاکہ کسی بھی شکایت کا فوری ازالہ کیا جا سکے ۔