سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب میاں شکیل احمد کا گوجرہ کا دورہ
6 ارب 47 کروڑ کے ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرنیکی ہدایت
گوجرہ (نمائندہ دنیا)سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب میاں شکیل احمد نے گوجرہ کا دورہ کیا اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ، اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ چوہدری ریاض گجر، چیف آفیسر سید یاسر علی شاہ اور دیگر متعلقہ افسر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تحصیل گوجرہ میں 6 ارب 47 کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں سٹورم واٹر ڈرینج، مین ہول کورنگ، سالڈ ویسٹ مشینری کی خریداری اور ڈسپوزل اسٹیشنز کی بحالی شامل ہے ، جو 30 جون 2026 تک مکمل کیے جائیں گے۔
دوسرے مرحلے میں نئے ڈسپوزل سٹیشنز اور جدید سیوریج لائنوں کی تعمیر جبکہ تیسرے مرحلے میں گلیوں کی تعمیر، سٹریٹ لائٹس، پارکوں کی بحالی، سولرائزیشن اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر شامل ہے ۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے میونسپل کمیٹی میں زیر تعمیر انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینک اور دیگر ترقیاتی سکیموں کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے گوجرہ جھنگ روڈ پر نئی سیوریج لائن اور طفیل کالونی میں ٹف ٹائلز، گلیوں کی تعمیر اور مین ہول کورز کی تنصیب کے کاموں کا جائزہ لیا۔