ڈی سی ٹوبہ کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، طبی سہولیات کی ہدایت

ڈی سی ٹوبہ کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، طبی سہولیات کی ہدایت

مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی،خیریت دریافت کی

ٹو بہ ٹیک سنگھ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا اور ایمرجنسی وارڈ سمیت مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور علاج معالجے سے متعلق مسائل اور آراء معلوم کیں۔ انہوں نے متعلقہ افسروں اور طبی عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے محرم الحرام کے حوالے سے قائم خصوصی وارڈ کا بھی معائنہ کیا اور عزاداروں کو فراہم کی جانے والی ہنگامی طبی سہولیات کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے ادویات کے ذخیرے ، طبی آلات کی دستیابی اور عملے کی حاضری چیک کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو تمام ضروری وسائل ہر وقت دستیاب رکھنے کی ہدایت کی۔عمر عباس میلہ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو بروقت اور مؤثر طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل رکھے جائیں۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ پر زور دیا کہ عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور مریضوں کو سہولت، عزت اور بہترین طبی ماحول فراہم کیا جائے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں