66 فٹا بازار کی بیوٹیفکیشن 15 جولائی تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن
آئندہ مرحلے میں جھنگ بازار اور امین پور بازار کی بیوٹیفکیشن شروع کرنے کی ہدایت ڈینگی کے خلاف فرضی کارروائیاں برداشت نہیں ہوں گی، ڈپٹی کمشنرمحمد نعمان صدیق
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے 66 فٹا بازار منصور آباد کی بیوٹیفکیشن 15 جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو باقی ماندہ کام تیزی سے مکمل کرنے کا حکم دیا۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے کے لیے دورے کا بھی فیصلہ کیا اور آئندہ مرحلے میں جھنگ بازار اور امین پور بازار کی بیوٹیفکیشن شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واسا کو سیوریج لائنیں بچھانے اور فیسکو کو بجلی کی تاریں زیرزمین منتقل کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ کچہری بازار گھنٹہ گھر، موچی بازار چک جھمرہ اور مین بازار ڈجکوٹ کی بیوٹیفکیشن مکمل کر چکی ہے ۔دریں اثناء ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے مون سون سیزن کے پیش نظر ڈینگی لاروا کی افزائش کی روک تھام کے لئے جامع پلان وضع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ انسدادی کارروائیاں ہرگز فرضی نہیں ہونی چاہئیں۔ ڈینگی لاروا کی افزائش گاہوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔ اینٹی ڈینگی ٹیمیں فیلڈ میں بھرپور موجودگی برقرار رکھیں اور کسی بھی ہاٹ سپاٹ کو نظرانداز نہ کیا جائے ۔ علاوہ ازیں پرفارمنس انڈیکیٹرز پر عملدرآمد کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فرضی اندراجات کرنے والے ازخود اپنی اصلاح کرلیں، کیونکہ آئندہ جعلی اندراجات ثابت ہونے پر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔