جشنِ آزادی پر ٹریفک پولیس کی چالان مہم، شہریوں کو مشکلات

جشنِ آزادی پر ٹریفک پولیس کی چالان مہم، شہریوں کو مشکلات

ناکہ بندی پوائنٹس اور ٹریفک چیکنگ کے عمل سے رش کی شکایات بڑھ گئیں

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)یومِ آزادی کے موقع پر شہر بھر میں ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری چالان مہم کے باعث شہریوں کو مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ متعدد مقامات پر قائم ناکہ بندی پوائنٹس اور ٹریفک چیکنگ کے عمل سے اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس نے سمندری روڈ، کینال روڈ، جڑانوالہ روڈ، سمن آباد روڈ، ستیانہ روڈ، جیل روڈ، سول لائنز، ملت روڈ اور شیخوپورہ روڈ سمیت شہر کے مختلف اہم مقامات پر چیکنگ پوائنٹس قائم کیے ۔ ان مقامات پر گاڑیوں کی جانچ پڑتال اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی مہم چلائی گئی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بعض مقامات پر بیریئرز اور چیکنگ کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

جس سے انہیں تاخیر اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ بعض شہریوں نے چالانوں کے حوالے سے بھی تحفظات کا اظہار کیا۔ذرائع کے مطابق چالان مہم کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی جبکہ مختلف مقامات پر شہریوں اور ٹریفک اہلکاروں کے درمیان تلخ کلامی کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ۔شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور عوامی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...