تحریک منہاج القرآن کی استقبالِ ربیع الاول و جشن آزادی ریلی
اکرم خان نیازی کی زیرقیادت شرکا کے آمدِ مصطفی ؐ اورپاکستان زندہ باد کے نعرے
بچیانہ(نمائندہ دنیا )تحریک منہاج القرآن بچیانہ کے زیر اہتمام آمد مصطفی ﷺ اور یومِ آزادی کی دوہری خوشی کے موقع پر استقبالِ ربیع الاول و جشن آزادی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔گذشتہ روز جامعہ المنہاج تحفیظ القرآن بچیانہ سے اکرم خان نیازی کی قیادت میں نکلنے والی اس پروقار ریلی میں حفاظِ کرام، علما اور مقامی شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی بچیانہ کے مختلف مرکزی بازاروں اور شاہراہوں سے گامزن ہوتی ہوئی سٹیشن چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کے دوران فضاآمدِ مصطفیٰ ﷺ اورپاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔
شرکا نے آقائے دو جہاں نبی کریمﷺ کی بارگاہِ اقدس میں درود و سلام کے نذرانے پیش کیے اور آزادی پاکستان پر مسرت کا اظہار کیا۔اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اکرم خان نیازی نے کہا کہ ربیع الاول کا بابرکت مہینہ تمام انسانیت کے لیے عالمگیر خوشیوں اور ہدایت کا باعث ہے ۔ رحمت اللعالمین ﷺ کی ولادتِ با سعادت سے دنیا پر چھائے جاہلیت اور ظلمت کے اندھیرے کافور ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 14 اگست کا دن ہماری ملی آزادی اور ربیع الاول کا مہینہ ہماری روحانی بیداری کا مظہر ہے، جن کی خوشیاں مل کر منانا ہمارے لیے باعثِ برکت و افتخار ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments