دکانداروں کو ریٹ لسٹ مہنگی فروخت، 15 لاکھ یومیہ وصول
20 والی ریٹ لسٹ 50 کی دی جارہی،ماہانہ ساڑھے 4 کروڑ روپے زائد وصولی، سخت کارروائی کامطالبہ
فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )انتظامی افسروں کی غفلت کے باعث سرکاری نرخ مقرر کرنیوالی ریٹ لسٹ ہی زائد قیمت پر فروخت ہونے لگی۔ذرائع کے مطابق اگر مجموعی دکانوں کا اندازہ لگایا جائے تو ضلع بھر میں دکانداروں سے ریٹ لسٹ کی مد میں مبینہ طور پر 15 لاکھ روپے یومیہ اور ماہانہ ساڑھے 4 کروڑ روپے زائد وصول کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے کریانہ دکانوں کے لیے جاری کی جانے والی سرکاری ریٹ لسٹ کی قیمت 20 روپے مقرر ہے جو غیر واضح طور پر لکھی گئی ہے جبکہ دکانداروں کو یہی لسٹ 50 روپے میں فراہم کی جارہی ہے یعنی فی دکان 30 روپے زائد وصول کیے جارہے ہیں ۔محتاط اندازے کے مطابق فیصل آباد ضلع میں تقریباً 50 ہزار چھوٹے بڑے کریانہ و جنرل سٹورز ہیں جن سے فی دکان 30 روپے اضافی وصولی کی صورت میں یومیہ 15 لاکھ اور ماہانہ 4 کروڑ 50 لاکھ کی رقم بنتی ہے ۔حیران کن امر یہ ہے کہ جس ریٹ لسٹ کے ذریعے دکانداروں کو اشیائے ضروریہ مقررہ نرخوں پر فروخت کرنے کا پابند بنایا جاتا ہے اسی سرکاری نرخ نامے کی فروخت میں سرکاری قیمت ہی پامال کی جارہی ہے ۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر انتظامی افسروں کی موجودگی کے باوجود ریٹ لسٹ کی مقررہ قیمت سے زائد وصولی نے انتظامی نگرانی کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔ دکانداروں نے معاملے کی فوری تحقیقات، ریٹ لسٹ کی اصل قیمت واضح طور پر لکھنے اور فروخت کا مکمل ریکارڈ سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ سے زائد رقم وصول کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ معاملے سے متعلق ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق کاکہناتھا کہ ریٹ لسٹ واضح طور پر لکھنے کی ہدایت کردی گئی ہے ۔ زائد قیمت وصول کرنیوالوں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments