آٹے اور گندم کی قیمتیں بے قابو، شہری پریشان

آٹے اور گندم کی قیمتیں بے قابو، شہری پریشان

فائن آٹا 15 کلوگرام تھیلے کی قیمت 2300 روپے تک جا پہنچی ،عوام کو سبسڈی دینے کی دعوے ناکام ، گھریلو بجٹ متاثر ہو رہا ،کارروائی نہ ہو نے پر شہریوں کی تشویش

فیصل آباد (عبدالباسط سے )محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کی مبینہ غفلت و لاپرواہی کے باعث فیصل آباد میں آٹے اور گندم کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔ اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 5200 روپے فی من جبکہ دیسی آٹے کی قیمت 155 روپے فی کلوگرام سے تجاوز کر گئی ہے ، جبکہ فائن آٹے کے 15 کلوگرام تھیلے کی قیمت 2300 روپے تک جا پہنچی ہے ۔ بڑھتی قیمتوں کے باعث بالخصوص مزدور طبقے کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام بھی مشکل ہو گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے شہریوں کو ریلیف اور سبسڈی فراہم کرنے کے لیے 10 کلوگرام آٹے کا تھیلا 1100 روپے میں فراہم کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا، تاہم اس پر مؤثر انداز میں عملدرآمد نہ ہو سکا۔

سرکاری نرخ پر دستیاب 10 کلوگرام آٹے کا تھیلا مارکیٹ میں نایاب دکھائی دیتا ہے ، جس کے باعث شہری مہنگے داموں اوپن مارکیٹ سے آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فلور ملز مالکان کی جانب سے اوپن مارکیٹ میں سرکاری نرخ والا آٹا مبینہ طور پر انتہائی کم مقدار میں سپلائی کیا جاتا ہے ، جس کے بعد متعلقہ حکام کو صورت حال معمول کے مطابق ہونے کی رپورٹس ارسال کردی جاتی ہیں۔ کم تعداد میں سرکاری نرخ والے تھیلوں کی فراہمی کے باعث مبینہ طور پر صرف 10 سے 15 فیصد افراد ہی اس سہولت سے مستفید ہو پاتے ہیں، جبکہ 80 سے 85 فیصد شہریوں کو اوپن مارکیٹ سے مہنگے داموں آٹا خریدنا پڑتا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ آٹے اور گندم کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے ۔ متعدد شکایات کے باوجود متعلقہ اداروں کی جانب سے مؤثر کارروائی نہ ہونے پر شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے اور گندم کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے ، سرکاری نرخ پر آٹے کی وافر فراہمی یقینی بنانے اور مبینہ ناجائز منافع خوری کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...