پیرا فورس کے کروڑوں کے اخراجات کے باوجود گرانفروشی بے قابو

 پیرا فورس کے کروڑوں کے اخراجات کے باوجود گرانفروشی بے قابو

شہر بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں سرکاری نرخ ناموں سے کہیں زیادہ وصول ، شہری مزید مشکلات کا شکار ،پیرا فورس کو سرکاری خزانے پر بوجھ قراردیا

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) پیرا فورس کے قیام اور کروڑوں روپے کے اخراجات کے باوجود فیصل آباد میں مصنوعی مہنگائی اور گرانفروشی پر قابو نہ پایا جا سکا، نئی فورس بھی شہریوں کو مہنگائی سے ریلیف دینے میں ناکام دکھائی دینے لگی۔ سرکاری خزانے سے کروڑوں روپے خرچ کرکے افسروں کو لگژری گاڑیاں اور اہلکاروں کو مہنگے موٹرسائیکل فراہم کیے جانے کے باوجود بازاروں میں سرکاری نرخ نامے بے اثر ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح فیصل آباد میں بھی پیرا فورس قائم کی گئی ہے ۔ اس فورس کے لیے سول سروسز کے افسروں اور پولیس اہلکاروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جبکہ فورس کے قیام، ہیڈکوارٹرز، گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور دیگر سہولیات پر پنجاب حکومت کے خزانے سے کروڑوں روپے خرچ کیے گئے ہیں۔

پیرا فورس کے قیام کے وقت شہریوں کو امید تھی کہ نئی فورس مصنوعی مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور گرانفروشی کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے گی، تاہم فیصل آباد میں صورتحال بدستور جوں کی توں ہے ۔شہر بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں سرکاری نرخ ناموں سے کہیں زیادہ وصول کی جا رہی ہیں جبکہ ریٹ لسٹ پر عملدرآمد کرانے کے لیے پیرا فورس کی مؤثر کارروائیاں دکھائی نہیں دے رہیں۔ سبزی، پھل، کریانہ اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیا مقررہ نرخوں کے بجائے من مانے داموں فروخت ہو رہی ہیں، جس سے مہنگائی کے مارے شہری مزید مشکلات کا شکار ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر کروڑوں روپے کے اخراجات سے قائم کی گئی فورس بھی گرانفروشی پر قابو نہیں پاسکی تو یہ شہریوں کو ریلیف دینے کے بجائے سرکاری خزانے پر اضافی بوجھ بنتی دکھائی دے رہی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...