آن سکرین مارکنگ نظام کی جانچ کیلئے تعلیمی بورڈ میں موک امتحان
مہمان خصوصی مزمل محمود نے تعلیمی بورڈ میں قائم کنٹرول روم کا افتتاح بھی کیا
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد میں آن سکرین مارکنگ کے نظام اور اس کے طریقہ کار کا عملی جائزہ لینے کے لیے موک امتحان منعقد کیا گیا، جس میں سرکاری و نجی شعبے کے 11 کالجوں کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔تقریب کے مہمانان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب کی بورڈز اصلاحات ٹاسک فورس کے چیئرمین مزمل محمود اور رکن صوبائی اسمبلی بیرسٹر اسامہ فضل چودھری تھے ۔ اس موقع پر چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین، سیکرٹری بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سلیم تقی شاہ، کنٹرولر امتحانات پروفیسر رانا عتیق الرحمن اور پنجاب کے سات تعلیمی بورڈز کے چیئرپرسنز، کنٹرولرز امتحانات اور دیگر متعلقہ افسر بھی موجود تھے۔
ان میں گوجرانوالہ بورڈ کی ڈاکٹر اقصیٰ شبیر، راولپنڈی بورڈ کے اقبال محمود، ملتان بورڈ کے ڈاکٹر اعجاز احمد تتلہ، سرگودھا بورڈ کے عباس حیدر، بہاولپور بورڈ کے اشتیاق احمد اور ساہیوال بورڈ کے فیصل اعجاز شامل تھے ۔موک امتحان کا مقصد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے وژن کے مطابق آن اسکرین مارکنگ کے نظام، امتحانی عمل، تکنیکی انتظامات اور جدید ڈیجیٹل سہولیات کا عملی جائزہ لینا تھا۔ مہمانان خصوصی نے امتحانی مرکز کا دورہ کیا اور طلبہ و طالبات کو پرچہ حل کرتے ہوئے دیکھا۔ مزمل محمود نے آن سکرین مارکنگ کے عملی پہلوؤں میں خصوصی دلچسپی لی اور امتحانی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہمیت پر زور دیا۔
بعد ازاں مزمل محمود نے تعلیمی بورڈ فیصل آباد میں قائم کنٹرول روم کا افتتاح کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آن اسکرین مارکنگ جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ اہم نظام ہے ، جس کا مقصد امتحانی عمل کو زیادہ شفاف، منظم اور مؤثر بنانا ہے ۔چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے کہا کہ بورڈ امتحانی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے ، شفافیت کو فروغ دینے اور طلبہ و طالبات کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے ۔ موک امتحان کا انعقاد اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے ۔ تقریب کے دوران مہمانان خصوصی نے پنجاب فیڈریشن ایمپلائز کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی اور ملازمین کے مسائل اور مطالبات پر تبادلہ خیال کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments