صنعتوں کو مضبوط بنانے کی ہر ممکن کوشش کرینگے : طلال چودھری
میاں فرخ اقبال کو ہوزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کاچیئرمین بننے پرمبارکباد
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے نارتھ زون کا چیئرمین منتخب ہونے پر میاں فرخ اقبال کو گلدستہ پیش کیا اور انہیں مبارکباد دی۔اس موقع پر طلال چودھری نے پاکستان کی ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی صنعت کے فروغ اور ترقی کے لیے میاں فرخ اقبال کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن اور ہدایات کے مطابق صنعتی شعبے کو درپیش مسائل حل کرنے ، کاروباری برادری کو سہولتیں فراہم کرنے اور برآمدات پر مبنی صنعتوں کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
طلال چودھری نے مزید کہا کہ وہ وزارت تجارت اور دیگر متعلقہ وفاقی وزارتوں کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں کے انتظام میں تعاون کریں گے تاکہ ایسوسی ایشن کے نمائندے ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی صنعت کو درپیش مسائل براہ راست متعلقہ پالیسی سازوں کے سامنے پیش کر سکیں۔ حکومت اور صنعتی شعبے کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کو فروغ دینے اور مسائل کے بروقت حل کے لیے بھی ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ صنعتی ترقی اور برآمدات میں اضافہ ممکن ہو سکے ۔انہوں نے میاں فرخ اقبال کو ایسوسی ایشن سے متعلق امور کے لیے اپنا دفتر استعمال کرنے کی پیشکش بھی کی اور یقین دلایا کہ صنعتی بنیاد مضبوط بنانے ، کاروباری ماحول بہتر کرنے اور عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی مسابقت بڑھانے کے لیے ان کا تعاون جاری رہے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments