ڈپٹی کمشنر ٹوبہ کا پیر محل کا دورہ، شہریوں کی سہولیات کا جائزہ
اداروں میں شفافیت، معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت ماہم آصف ملک سے تحصیل بار کے رہنماؤں ،تاجروں کی بھی ملاقات
ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)عوامی سہولیات کی بہتری، سرکاری اداروں کی کارکردگی میں اضافے اور شہری مسائل کے حل کے لیے ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے تحصیل پیر محل کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے نواز شریف سکول آف ایمیننس پیر محل، مریم نواز ہیلتھ کلینک چک نمبر 668/9 گ ب اور تحصیلدار آفس پیر محل کے معائنے کے دوران اداروں میں تعلیمی، طبی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر پیر محل محمد زاہد اقبال بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے نواز شریف سکول آف ایمیننس پیر محل میں طلبہ کو جدید اور معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا اور سرسبز ماحول کے فروغ اور درختوں کی افادیت سے متعلق شعور اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے مریم نواز ہیلتھ کلینک میں ادویات کی دستیابی اور آن لائن ریکارڈ چیک کیا۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو صفائی کے انتظامات مزید بہتر بنانے اور مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے تحصیلدار آفس پیر محل کے دورے کے دوران دفتری امور اور ریونیو ریکارڈ کا معائنہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سرکاری دفاتر میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے اور عوامی درخواستوں پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے پیر محل کے سیاسی رہنماؤں، تاجروں اور مخیر حضرات سے بھی ملاقات کی، جس میں تحصیل کی ترقی، عوامی مسائل کے حل اور شہری سہولیات کی بہتری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تحصیل بار کونسل پیر محل کے صدر اور سیکرٹری سے ملاقات کے دوران وکلا برادری کو درپیش مسائل اور تحصیل کی بہتری کے لیے تجاویز پر گفتگو کی۔ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے کہا کہ پارکس اور عوامی مقامات کی بحالی، خوبصورتی اور بہتر دیکھ بھال کے لیے نجی شعبے اور مخیر حضرات کا تعاون اہمیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات کو بہتر بنانے اور شہریوں کو صحت مند و خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments