جھنگ :ورلڈ پولیو ڈے کے سلسلہ میں روٹری کلب کی آگاہی واک
والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں :شرکاء
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )روٹری کلب جھنگ صدر ڈسٹرکٹ 3272 پاکستان روٹری انٹرنیشنل کے زیر اہتمام ورلڈ پولیو ڈے کے سلسلہ میں آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔ آگاہی واک ضلع کونسل جھنگ سے ڈپٹی کمشنر ہاؤس تک کی گئی جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جھنگ ملک ساجد حسین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ سیمینار کا اہتمام سٹرائیو سکول سسٹم میں کیا گیا جس میں چیئرمین روٹری کلب سید ماجد زمان، صدر روٹری کلب سید ہاشم نقی، سٹرائیو سکول کے سی او زاہد خورشید لودھی ، روٹری کلب کے ممبران، اساتذہ، طلباء ، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور صحافی برادری نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر شرکاء نے پولیو کے خاتمے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پولیو ایک خطرناک اور متعدی مرض ہے جو بچوں کو عمر بھر کی معذوری میں مبتلا کر سکتا ہے۔
اس بیماری سے بچاؤ کا مؤثر ذریعہ پولیو ویکسین ہے لہٰذا والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ہر پولیو مہم کے دوران حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں اور کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کریں۔شرکاء نے کہا کہ روٹری کلب 1990ء سے پولیو کے خلاف جنگ اور اس موذی مرض کے خاتمے کے لیے آگاہی پیدا کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا آ رہا ہے ،اس مشن کی کامیابی کے لیے عوامی تعاون اور والدین کا اعتماد بنیادی اہمیت رکھتا ہے ۔آخر میں شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بچوں کے محفوظ اور صحت مند مستقبل کے لیے پولیو کے خلاف آگاہی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا کیونکہ صحت مند بچے ہی روشن اور محفوظ پاکستان کی ضمانت ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments