پیشہ ور بھکاریوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ، اینٹی بیگری مہم محض کاغذی کارروائی تک محدود

 پیشہ ور بھکاریوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ، اینٹی بیگری مہم محض کاغذی کارروائی تک محدود

سرکاری وسائل استعمال ہونے کے باوجود کارروائی کے دوران پکڑے جانے والے بھکاریوں کی مستقل بحالی کا کوئی مؤثر نظام موجود نہ ہی بیگرز ہوم منصوبہ پر کوئی پیشرفت ہو سکی: ذرائع

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)وزارت داخلہ کے احکامات کے باوجود فیصل آباد میں پیشہ ور بھکاریوں کا خاتمہ تو دور کی بات، ان کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور بھکاری مافیا شہر کے چوک چوراہوں، ٹریفک سگنلز، بازاروں، رہائشی و کمرشل علاقوں میں شہریوں کو پریشان کرنے میں مصروف ہے ، پیشہ ور بھکاری مختلف حیلوں بہانوں سے خود کو مستحق ظاہر کرکے شہریوں سے بھیک وصول کررہے ہیں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کی جانب سے مؤثر کارروائیاں نہ ہونے کے باعث اینٹی بیگری مہم محض کاغذی کارروائی بنتی جارہی ہے ، اینٹی بیگری سکواڈ کیلئے سول ڈیفنس کے ملازمین اور سپیشل ایجوکیشن کی گاڑی بھی استعمال کی جاتی ہے۔

تاہم سرکاری وسائل استعمال ہونے کے باوجود شہر میں بھکاریوں کی تعداد کم نہیں ہورہی، کارروائی کے دوران پکڑے جانے والے بھکاریوں کی مستقل بحالی کا بھی کوئی مؤثر نظام موجود نہیں اور انہیں مناسب طریقے سے ری ہیبلی ٹیشن سنٹر منتقل کرنے کے بجائے معاملہ وقتی پکڑ دھکڑ تک محدود رہتا ہے ، فیصل آباد میں بیگرز ہوم بھی موجود نہیں جبکہ 2016 میں بیگرز ہوم کا منصوبہ اے ڈی پی اسکیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن منظوری نہ ملنے کے باعث اس پر بھی کوئی پیشرفت نہ ہوسکی، نہ پیشہ ور بھکاریوں کی روک تھام کیلئے کوئی مستقل اور مؤثر حکمت عملی بنائی جاسکی اور نہ ہی ان کی بحالی کے لیے کوئی ٹھوس منصوبہ سامنے آسکا، اینٹی بیگری مہم کی کارکردگی پر کئی سوالات اٹھ رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...