جی سی یونیورسٹی کانووکیشن، 29 ہزار طلبہ کو ڈگریاں تفویض
نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے 107 طلبہ و طالبات کو گولڈ میڈلز دیئے گئے امیدہے فارغ التحصیل طلبہ ملک و قوم کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرینگے :گورنر
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے نیو کیمپس میں 13ویں کانووکیشن کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم، یونیورسٹی کے ڈینز، ڈائریکٹرز اور پرنسپل آفیسرز بھی موجود تھے ۔ تقریب کے دوران پی ایچ ڈی، ایم فل، ایسوسی ایٹ ڈگری، ماسٹرز، ایل ایل بی اور بی ایس آنرز کے مختلف سیشنز کے مجموعی طور پر 29 ہزار 184 طلبہ و طالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں، جبکہ نمایاں تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 107 طلبہ و طالبات کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن ان کی زندگی کا یادگار موقع ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فارغ التحصیل طلبہ اپنی علمی قابلیت، تخلیقی سوچ اور تحقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں گے اور اپنے ادارے ، اساتذہ اور ڈگری کے وقار میں اضافہ کریں گے ۔ انہوں نے طلبہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں نکھارنے اور انہیں عملی زندگی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے یونیورسٹی انتظامیہ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے گورنر پنجاب کی آمد اور تقریب میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے یونیورسٹی کی گزشتہ برسوں میں حاصل کردہ تعلیمی، تحقیقی اور بین الاقوامی کامیابیوں سمیت جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم و تحقیق کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ طلبہ کو معیاری تعلیم اور تحقیق کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ تقریب میں سینڈیکیٹ ممبران، اراکین پارلیمنٹ، مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، سینئر اساتذہ، انتظامی افسران، فارغ التحصیل طلبہ و طالبات اور ان کے والدین نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments