کنڑ دھماکے سے متعلق مزید تفصیلات آگئیں، بم سازوں کی ہلاکت کا دعویٰ
کابل: (دنیا نیوز) افغانستان کے صوبے کنڑ کے دارالحکومت اسعد آباد کے علاقے اندر شیر شگئی میں 28 نومبر کی صبح سرکاری سکول کے ساتھ زور دار دھماکے سے متعلق مزید حقائق سامنے آئے ہیں، ذرائع کے مطابق دھماکہ سکول سے ملحقہ فتنہ الخوارج کی بم فیکٹری ’’بیت اللہ محسود المعسکر‘‘ میں ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیکٹری کا کمانڈر خارجی فاروق سواتی تھا، جو فتنہ الخوارج کے سابق سربراہ ملا فضل اللہ کا قریبی محافظ رہ چکا ہے۔
دھماکے کے وقت فتنہ الخوارج کا بارودی ماہر خارجی سمندر استاد فیکٹری میں 20 سے 25 خوارج کو دیسی ساختہ بم بنانے کی تربیت دے رہا تھا، سوات میں فتنہ الخوارج کی تربیت کا سربراہ خارجی نوید بھی اسی فیکٹری سے وابستہ تھا۔
ذرائع کے مطابق فیکٹری میں باجوڑ، مہمند اور چترال میں پاکستانی فورسز پر حملوں کے لیے بارود سے بھری گاڑیاں اور خودکش جیکٹس تیار کی جا رہی تھیں۔
بارود سے بھری گاڑی کی تیاری کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث دھماکہ ہوا، جس سے ملحقہ کمروں میں رکھا بارود بھی پھٹ گیا۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکے میں سکول کے 28 سے 32 طلبہ جاں بحق جبکہ 3 اساتذہ سمیت 120 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
خارجی فاروق سواتی اور 10 بم سازوں سمیت 30 خوارج ہلاک جبکہ 28 زخمی ہوئے۔
ذرائع کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد طالبان رجیم نے علاقے کو گھیرے میں لے کر عام شہریوں کا داخلہ بند کر دیا۔
طالبان ترجمان حمداللہ فطرت اور مفتی عبدالمتین نے دھماکے کو کان کنی کی کمپنیوں کے بارودی گودام میں غفلت کا نتیجہ قرار دیا، جبکہ فیکٹری کو نورستان کے ایک کان کن ٹھیکیدار کا گودام بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان رجیم نے زخمی خوارج کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کابل کے سردار داؤد خان ملٹری ہسپتال منتقل کیا۔
طالبان انٹیلی جنس زخمیوں کے علاج کے لیے انہیں بھارت بھیجنے یا بھارتی فوجی ڈاکٹروں کو کابل بلانے کے انتظامات کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق طالبان انٹیلی جنس کی ٹیم جائے وقوعہ سے فتنہ الخوارج سے متعلق شواہد مٹانے میں مصروف ہے جبکہ کان کنی کمپنی کے اہلکاروں اور طالبان حامیوں سے جھوٹی گواہیاں دلوانے کی تیاری بھی کی جا رہی ہے۔
طالبان رجیم شواہد مٹانے کے بعد یوناما کے وفد اور میڈیا کو جائے وقوعہ کا دورہ کروانا چاہتی ہے تاکہ اپنا مؤقف پیش کر سکے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان آبادیوں میں فتنہ الخوارج کے 100 سے زائد ایسے مراکز موجود ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments