پاکستان کو برآمدات پر مبنی ترقی کی ضرورت ہے: گوہر اعجاز
کراچی :(دنیا نیوز) سابق نگران وفاقی وزیر تجارت معروف صعنتکار ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان کو برآمدات پر مبنی ترقی کی ضرورت ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ بزنس کمیونٹی کا اتحاد ہماری اصل طاقت ہے، ہم کاروباری برادری کو متحد اور ایک پلیٹ فارم پر دیکھنا چاہتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ وہ بزنس کمیونٹی کے تمام رہنماؤں کی عزت کرتے ہیں، ایس ایم تنویر میں قیادت کی تمام خوبیاں موجود ہیں۔
سابق نگران وزیر کا کہنا تھا کہ فیڈریشن کے انتخابات میں صوبائیت اور لسانیت کو شامل نہیں کرنا چاہیے، کاروباری برادری کو تقسیم کرنے کے بجائے اتحاد کو فروغ دینا ہوگا۔
گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ پاکستان کو برآمدات پر مبنی ترقی کی ضرورت ہے، ملک کو سود کے بجائے کاروبار اور معاشی سرگرمیوں کے ذریعے آگے بڑھانا ہوگا، کاروبار کے فروغ اور برآمدات میں اضافے سے ہی پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔
معروف صنعت کار نے کہا ہے کہ ہم سوچتے ہیں دبئی میں اپارٹمنٹ لے لیں، لیکن پھر کہتے ہیں کہ دبئی کا ویزا نہیں لگتا، ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان ہمارا نہیں اور دبئی ہمیں اپنا لے گا، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ یہی پاکستان ہمارا وطن ہے، اسی مٹی میں ہماری جان ہے اور اسی مٹی میں ہم نے جانا ہے۔
گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ اگر ہم اسی مٹی کی خدمت کریں گے تو پاکستان ترقی کرے گا، ہم ترقی کریں گے اور ہمارے خاندان بھی ترقی کریں گے، پاکستان ساڑھے چار سو ارب ڈالر کی معیشت ہے، جسے پانچ سال میں ایک ٹریلین ڈالر تک پہنچایا جا سکتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اگلے پانچ سال میں معیشت کا حجم دو ٹریلین ڈالر اور اس سے اگلے پانچ سال میں پانچ ٹریلین ڈالر تک پہنچانے کا سفر ممکن ہے، پاکستان میں آئندہ بیس سال کے دوران جی ڈی پی گروتھ دس گنا بڑھانے کی صلاحیت موجود ہے۔
سابق نگران وزیر کا مزید کہنا تھا کہ آج سے دو سال آٹھ ماہ قبل مسلم ممالک کی ایک کانفرنس منعقد ہوئی تھی، جس میں دنیا بھر کے 57 مسلم ممالک کے وزرائے تجارت شریک تھے اور وہ اس وقت بطور وزیر تجارت پاکستان کی نمائندگی کر رہے تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments