وزیراعظم کا فیول سبسڈی سکیم کی کامیابی، عوامی پذیرائی پر اطمینان کا اظہار
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم فیول سبسڈی سکیم کی کامیابی اور عوامی پذیرائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، ٹارگٹڈ فیول سبسڈی سکیم کے تحت ٹوکنز کے استعمال کی مجموعی تعداد 10 کروڑ کا سنگ میل عبور کر گئی۔
وزیراعظم کے مطابق سکیم سے مستفید ہونے والے انفرادی صارفین کی تعداد ایک کروڑ 84 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ اب تک 52 ارب روپے سے زائد کی رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سکیم کے تحت روزانہ اوسطاً ڈیڑھ لاکھ نئے صارفین کی رجسٹریشن عوامی اعتماد اور حکومتی اقدامات کی کامیابی کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور وسائل شفاف و مؤثر انداز میں مستحقین تک پہنچانے کے لیے وفاقی حکومت کے تمام متعلقہ ادارے اور وزارتیں مشترکہ طور پر کام کر رہی ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے پیش نظر تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا بوجھ عوام پر منتقل نہ کرنے کے لیے ستمبر میں فیول سبسڈی سکیم شروع کی گئی، جس کے تحت اب تک ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزارت خزانہ، وزارت پٹرولیم، وزارت اطلاعات و نشریات اور دیگر متعلقہ اداروں کی مشترکہ کوششوں سے سکیم پر مؤثر عمل درآمد ممکن ہوا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق سکیم کے تحت موٹر سائیکلوں، چنگ چی رکشوں اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے، جس سے عام آدمی، محنت کش طبقے اور محدود آمدن والے خاندانوں کو براہ راست ریلیف مل رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود اور معاشی مشکلات میں کمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سکیم پر عمل درآمد کے دوران شفافیت، مؤثر نگرانی اور عوام کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ مستفید ہونے والے شہریوں کو مزید سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments