میانمار: فوج کے شادی کی تقریب سمیت مختلف مقامات پر حملے، 30 افراد ہلاک
ینگون: (ویب ڈیسک) میانمار میں فوج کے تین فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ گزشتہ تین روز کے دوران فضائی بمباری سے ہلاکتوں کی تعداد 60 سے تجاوز کرگئی ہے۔
میانمار کی فوج نے شمال مشرقی علاقے موئے بائے میں شادی کی تقریب کے مقام کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا، جہاں تقریباً 20 افراد ہلاک ہوئے، اس کے علاوہ مغربی ریاست راکھین میں دو الگ الگ فضائی حملوں کے دوران بھی متعدد افراد ہلاک ہوگئے۔
نیشنل یونٹی گورنمنٹ (این یو جی) نے دعویٰ کیا ہے کہ وسطی میانمار میں جمعرات کے روز ہونے والے فضائی حملے میں بھی 29 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ عالمی عدالت انصاف نے میانمار کی 2017 کی کارروائی کو روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے ارادے پر مبنی قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ 2021 میں آنگ سان سوچی کی منتخب حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد سے میانمار ملک میں فوج اور مخالف مسلح قوتوں کے درمیان خونریز لڑائیاں جاری ہیں جس میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں۔
تنازعات پر نظر رکھنے والے ادارے اے سی ایل ای ڈی کے مطابق میانمار کی خانہ جنگی میں تمام فریقوں کے درمیان ایک لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments