پنجاب میں 80 سال بعد تاریخی گوردوارہ سری کھارا صاحب کھول دیا گیا

نوشہرہ ورکاں: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تاریخی مذہبی ورثے کے تحفظ کے ویژن کے تحت 50 تاریخی گوردواروں کی بحالی کا منصوبہ جاری ہے، منصوبے کے تحت نوشہرہ ورکاں میں گوردوارہ سری کھارا صاحب کی بحالی مکمل کرکے سکھ برادری کے لیے کھول دیا گیا۔

تاریخی گوردوارہ سری کھارا صاحب کو 80 سال بعد سکھ سنگت کی مذہبی عبادت کے لیے دوبارہ کھولا گیا، صوبائی وزیر اقلیتی امور و پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور جتھے دار اکال تخت صاحب گیانی کلدیپ سنگھ گڑگج نے گوردوارے کا افتتاح کیا۔

سری گرو نانک دیو جی کے 557ویں پرکاش پرب کے موقع پر منعقدہ افتتاحی تقریب میں پاکستان، بھارت، ملائیشیا اور دنیا کے مختلف ممالک سے سکھ یاتریوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر جتھے دار اکال تخت صاحب گیانی کلدیپ سنگھ گڑگج نے ارداس کی، جبکہ سری گرو گرنتھ صاحب کی موجودگی میں گربانی کیرتن اور لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا۔

گوردوارہ سری کھارا صاحب (بھائی کے مٹو) کا تعلق سکھوں کے چھٹے گرو، سری گرو ہرگوبند صاحب جی کی اس مقام پر آمد سے ہے۔

سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ تاریخی گوردوارے کی اصل طرز تعمیر اور مذہبی شناخت برقرار رکھتے ہوئے بحالی کا کام مکمل کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر تاریخی مذہبی مقامات کے تحفظ اور بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سکھ برادری سمیت تمام اقلیتوں کے مذہبی حقوق کے تحفظ اور مقدس مقامات کی بحالی کے لیے پُرعزم ہے، گوردوارہ سری کھارا صاحب کی بحالی بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور بھائی چارے کی روشن مثال ہے۔

گیانی کلدیپ سنگھ گڑگج نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اقدامات قابل تحسین ہیں۔

گوردوارے کی 80 سال بعد بحالی پاکستان کے مثبت تشخص اور سکھ برادری کے مذہبی جذبات کے احترام کا عملی اظہار ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...