پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس، کراچی میں تاریخی جلسہ ہوگا: سعید غنی

کراچی: (دنیا نیوز) وزیر محنت و افرادی قوت سندھ اور صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے ریلوے گراؤنڈ (وائرلیس گراؤنڈ) کالا پل میں پیپلز پارٹی کے 59ویں یوم تاسیس کے حوالے سے 30 نومبر کو ہونے والے جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایسٹ کے صدر اقبال ساند، ڈسٹرکٹ سینٹرل کے صدر سردار خان، ٹاؤن میونسپل کارپوریشن چنیسر ٹاؤن کے چیئرمین فرحان غنی سمیت دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

سعید غنی نے جلسہ گاہ میں جاری کاموں کا جائزہ لیا اور سٹیج، شرکاء کے داخلی راستوں اور پارکنگ سمیت دیگر انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

سعید غنی نے کہا کہ 30 نومبر کو یوم تاسیس کے سلسلے میں کراچی کا جلسہ ایک تاریخی جلسہ ہوگا، شہر کے تمام اضلاع سے پیپلز پارٹی کے یوسی اور پی ایس کی سطح کے جلوس دوپہر 2 بجے تک جلسہ گاہ پہنچ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جلسے میں خواتین اور مردوں کے لیے علیحدہ علیحدہ داخلی راستے مقرر کیے جائیں گے، شرکاء کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے بھی الگ انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ جلسہ گاہ کی طرف آنے والے تمام راستوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور پارٹی کارکنوں کی مدد سے انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جلسہ گاہ کے چاروں طرف پیپلز یوتھ اور پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے کارکنان اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔

سعید غنی نے بتایا کہ جلسے سے پیپلز پارٹی کی صوبائی اور کراچی ڈویژن کی قیادت خطاب کرے گی جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے مرکزی خطاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جلسے کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں اور کراچی بھر میں تنظیمی سطح پر بھرپور تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...