آسکر ایوارڈ کیلئے نامزد ایرانی سکرین رائٹر مہدی محمودیان گرفتار

تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے معروف انسانی حقوق کے کارکن اور آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے والے سکرین رائٹر مہدی محمودیان کو تہران میں گرفتار کیا گیا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے کو یہ اطلاع یورپ میں مقیم مہدی محمودیان کے ایک دوست کی جانب سے دی گئی ہے۔

ایرانی ڈرامے اِٹ واز جسٹ این ایکسیڈنٹ کے مصنفین میں سے ایک محمد محمودیان کی گرفتاری کی وجوہات واضح نہیں ہیں جبکہ ایرانی حکام کی جانب سے بھی اس حوالے سے کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

ٹیلی گرام پر موجود مہدی محمودیان کے ذاتی سوشل میڈیا چینل کے مطابق کچھ اہلکار ان کے گھر پہنچے اور ان کو حراست میں لیے جانے کے ساتھ ساتھ ان کے الیکٹرانک آلات بھی ضبط کر لیے گئے۔

بعدازاں امتداد نامی نیوز ویب سائٹ نے بھی ان کی گرفتاری کی خبر دی تھی۔

مہدی محمودیان کے دوست حسین رزاق نے بتایا کہ انہوں نے رات تقریباً دو سے تین بجے فون پر محمودیان سے آخری بار بات کی تھی، اس وقت وہ 2022 کے احتجاج کے دوران ہونے والی ایک موت کی سزا کے مقدمے کے حوالے سے گفتگو کر رہے تھے، بعد میں محمودیان نے فون کا جواب دینا بند کر دیا۔

حسین رزاق کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ ایک درجن سے زائد مسلح اہلکاروں نے محمودیان کے گھر پر چھاپہ مارا تھا اور انہیں گرفتار کیا اور ان کے الیکٹرانک آلات بھی ساتھ لے گئے۔

ایران میں احتجاج کا ایک سلسلہ 2022 میں پولیس کی حراست میں مہسا امینی نامی ایک خاتون کی ہلاکت کے بعد شروع ہوئے تھے، جن کو درست طور پر حجاب نہ اوڑھنے پر حراست میں لیا گیا تھا، یہ سلسلہ کئی کئی ماہ تک جاری رہا اور اس کے خلاف ہونے والے کریک ڈاؤن کے دوران سینکڑوں افراد ہلاک اور ہزاروں گرفتار کیے گئے تھے۔

مہدی محمودیان کو ٹیلی گرام پر یہ خبر دینے کے ایک روز بعد گرفتار کیا گیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ مہسا امینی کے ایشو پر احتجاج کے بعد جیل میں قید دو مظاہرین کو اگلے 24 گھنٹوں کے اندر پھانسی دیے جانے کا خدشہ ہے۔

اوسلو میں قائم تنظیم ایران ہیومن رائٹس کے مطابق مہسا امینی کے احتجاج سے متعلق مقدمات میں اب تک کم از کم 15 مظاہرین کو پھانسی دی جا چکی ہے، جن میں سے دو کو 2026 میں سزائے موت دی گئی۔

حسین رزاق کے مطابق محمودیان ایران میں قید مظاہرین اور پھانسی کے خطرے سے دوچار افراد کے حق میں کھل کر آواز اٹھاتے رہے ہیں، ایرانی حکام سزائے موت کے مقدمات کے حوالے سے انتہائی حساس ہیں، مہدی محمودیان کو گریٹر تہران جیل میں رکھا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...